
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی جنوبی پشتونخوا کی صوبائی کمیٹی کا دو روزہ اہم اجلاس پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے کی زیرِ صدارت بیادِ مرحوم عبدالرحیم خان مندوخیل، کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ، سینئر ڈپٹی چیئرمین رضا محمد رضا، سینئر سیکریٹری سید قادر آغا ایڈووکیٹ، مرکزی سیکریٹری اطلاعات محمد عیسیٰ روشان، مرکزی سیکریٹری اللہ نور خان، مرکزی سیکریٹری محترمہ صاحبہ بڑیچ، مرکزی سیکریٹری ڈاکٹر بایزید روشان، صوبائی سیکریٹری برائے خواتین و انسانی حقوق محترمہ عارفہ صدیق سمیت صوبائی ایگزیکٹو کے دیگر اراکین صدارتی مجلس میں شامل تھے۔ تلاوتِ کلامِ پاک کی سعادت حافظ صادق شیرانی نے حاصل کی، جبکہ پارٹی کے مرحوم اراکین اور دیگر مرحومین کیلئے دعائے مغفرت پارٹی کے علماء ونگ کے آرگنائزر مولانا فضل کریم نے کرائی۔ اجلاس کی نظامت کے فرائض پارٹی کے صوبائی سیکریٹری اول فقیر خوشحال کاسی نے انجام دیے۔ اجلاس میں جنوبی پشتونخوا کے تمام اضلاع کے ضلعی سیکریٹریوں نے اپنی گزشتہ تنظیمی سرگرمیوں، سیاسی صورتحال، عوامی رابطہ مہم اور پارٹی کی تنظیمی کارکردگی سے متعلق تفصیلی رپورٹس پیش کیں۔ اسی طرح صوبائی ایگزیکٹو اور پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن (پی ایس او) کی کارکردگی رپورٹس بھی اجلاس میں پیش کی گئیں، جن کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور آئندہ کے سیاسی، تنظیمی اور عوامی لائحہ عمل کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں پارٹی تنظیم کو مزید فعال، منظم اور عوامی سطح پر مؤثر بنانے کیلئے مختلف تجاویز اور سفارشات بھی پیش کی گئیں۔ اجلاس سے پارٹی کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ، صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے ، سینئر ڈپٹی چیئرمین رضا محمد رضا ، مرکزی سیکریٹری اطلاعات محمد عیسیٰ روشان اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے موجودہ ملکی، علاقائی اور پشتونخوا وطن کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔ مقررین نے کہا کہ پشتونخوا وطن اس وقت سیاسی، معاشی، سماجی اور قومی حوالے سے انتہائی نازک اور تشویشناک دور سے گزر رہا ہے،
جہاں عوام بدامنی، بے روزگاری، مہنگائی، وسائل کی لوٹ مار اور سیاسی ، معاشی اور قومی محکومی کے باعث سنگین مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے کامیاب، منظم اور مؤثر اجلاس کے انعقاد پر جنوبی پشتونخوا کے صوبائی ایگزیکٹو اور صوبائی کمیٹی کے اراکین کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پشتون قومی تحریک کو اپنے مقاصد میں کامیابی دلانے کا واحد راستہ پارٹی کو نظریاتی، سیاسی اور تنظیمی بنیادوں پر مزید مضبوط اور فعال بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط، منظم اور عوامی بنیادوں پر استوار سیاسی جماعت ہی پشتون ملت کے قومی ارمانوں، قومی حقوق اور قومی نجات کی جدوجہد کو کامیابی سے ہمکنار کر سکتی ہے۔ خوشحال خان کاکڑ نے کہا کہ پارٹی کو عوام کے ساتھ اپنے تعلقات مزید مضبوط اور قریبی بنانے ہوں گے۔ زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے باشعور افراد، نوجوانوں، طلبہ، مزدوروں، کسانوں، خواتین، دانشوروں اور مختلف سماجی و عوامی تنظیموں کو منظم کرکے انہیں پشتون ملت کو درپیش موجودہ غلامی، بدحالی، محرومی، سیاسی بے اختیاری اور قومی مسائل سے آگاہ کرنا ہوگا تاکہ وہ قومی تحریک کا حصہ بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت غیور پشتون ملت اپنی تاریخ کے بدترین حالات سے گزر رہی ہے۔ پشتونخوا وطن میں بدامنی، معاشی بدحالی، بے روزگاری، وسائل پر قبضے اور سیاسی محرومی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ ان تمام مسائل کا حل صرف ایک مضبوط، منظم، نظریاتی اور عوامی سیاسی تحریک کے ذریعے ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے انتہائی کم عرصے میں عوام کے درمیان اپنی سیاسی اور تنظیمی بنیادیں مضبوط کی ہیں، جو پارٹی کارکنوں، رہنماؤں اور تنظیمی ساتھیوں کی مسلسل قربانیوں، جدوجہد اور محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تنظیمی سرگرمیوں کو مزید تیز کریں، ابتدائی یونٹوں کو فعال بنائیں، عوامی رابطہ مہم کو وسعت دیں اور ہر گاؤں، ہر محلے اور ہر علاقے میں پارٹی کا پیغام پہنچائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی پشتون ملت کے قومی حقوق، قومی وحدت، وسائل پر اختیار، جمہوریت، سماجی انصاف اور قومی خودمختاری کی جدوجہد ہر سطح پر جاری رکھے گی اور کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔
