بانی پی ٹی آئی کافیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج

بانی پی ٹی آئی کافیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج


سپریم کورٹ آف پاکستان میں بانی پاکستان تحریک انصاف کی اسپتال منتقلی اور ذاتی معالجین سے ملاقات سے متعلق کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کر دیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق عظمیٰ خان کی جانب سے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں تمام حقائق اور طبی صورتحال کو مکمل طور پر مدنظر نہیں رکھا۔

درخواست میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کو مناسب طبی سہولیات فراہم کرنے کے بجائے ہائی کورٹ نے صرف میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا، جو درخواست گزار کے مطابق مؤثر اور فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے ناکافی ہے۔

درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ عدالتِ عالیہ نے اپنے سابقہ احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے کے معاملے کو بھی نظر انداز کیا، جبکہ بانی پی ٹی آئی کی صحت اور علاج کے حوالے سے سنجیدہ تحفظات موجود ہیں۔

سپریم کورٹ میں دائر درخواست کے مطابق عظمیٰ خان اگرچہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں اس مقدمے کی براہِ راست فریق نہیں تھیں، تاہم وہ اس فیصلے سے متاثر ہونے والی شخصیت ہیں، اسی بنیاد پر انہوں نے اعلیٰ عدالت سے رجوع کیا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے اور بانی پی ٹی آئی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کرنے کے احکامات جاری کرے۔

مزید یہ بھی درخواست کی گئی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو ان کے ذاتی معالجین سے ملاقات اور طبی معائنے کی اجازت دی جائے تاکہ انہیں مناسب اور بروقت علاج کی سہولت میسر آ سکے۔



Leave a Reply