
لاہور(قدرت روزنامہ)لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے چوہدری شوگر ملز کیس میں بطور ضمانت جمع کرائی گئی 7 کروڑ روپے کی رقم مریم نواز کو واپس کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے فل بینچ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر سماعت مکمل کرتے ہوئے نقد ضمانت کی واپسی کا حکم جاری کر دیا، یہ رقم چوہدری شوگر ملز کیس میں ضمانت کے حصول کے لیے عدالت میں جمع کرائی گئی تھی۔
بتایا گیا ہے کہ اس اہم درخواست کی سماعت لاہور ہائیکورٹ کی چیف جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی، سماعت کے دوران مریم نواز کے وکلاء نے مؤقف اختیار کیا کہ چوہدری شوگر ملز کیس میں اب نقد ضمانت برقرار رکھنے کا کوئی قانونی جواز باقی نہیں رہا، لہٰذا جمع کرائی گئی رقم واپس کی جائے۔
معلوم ہوا ہے کہ سماعت کے دوران قومی احتساب بیورو (نیب) کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ادارے کو رقم کی واپسی پر کوئی اعتراض نہیں ہے، اس سلسلے میں نیب کی جانب سے باقاعدہ بیانِ حلفی بھی جمع کرایا گیا، جس میں درخواست کی مخالفت نہ کرنے کی تصدیق کی گئی۔
بتایا جارہا ہے کہ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے اور نیب کے بیانِ حلفی کو مدنظر رکھتے ہوئے مریم نواز کی درخواست منظور کر لی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بطور گارنٹی جمع کرائے گئے 70 ملین (7 کروڑ) روپے فوری طور پر واپس کر دیئے جائیں۔
