آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کیلئے 1.2 ارب ڈالر کی قسط آج منظور ہونے کا امکان – Pakistan News International – Latest Pakistani News in Urdu

آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کیلئے 1.2 ارب ڈالر کی قسط آج منظور ہونے کا امکان ہے، جس کے بعد رقم جلد ہی اسٹیٹ بینک کے اکاونٹ میں منتقل کر دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس آج منعقد ہو رہا ہے، جس میں پاکستان کے لیے 1.2 ارب ڈالر کی اگلی قسط کی منظوری دیے جانے کے قوی امکانات ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ پاکستان نے پروگرام کے تحت مقررہ اکثر اہداف کامیابی سے حاصل کر لیے ہیں، جس کے بعد قسط کی وصولی میں کوئی بڑی رکاوٹ باقی نہیں رہی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت 17 میں سے 13 اہم اہداف مکمل کر لیے ہیں، آئی ایم ایف شرائط کے مطابق بنیادی بجٹ خسارہ ہدف کے اندر برقرار ہے جبکہ صوبائی ٹیکس وصولیوں کا ہدف 568 ارب روپے کیساتھ ہدف حاصل کر لیا گیا ہے۔
حکومتی ضمانتوں کا ہدف 4542 ارب روپے تک محدود کرنے کا ٹارگٹ پورا کیا گیا اور شرائط کے تحت اسٹیٹ بینک نے حکومت کو کوئی نیا قرض فراہم نہیں کیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے مزید اہداف کیلئے جون 2026 کی ڈیڈ لائن مقرر کر رکھی۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 27 مارچ کو اسٹاف لیول معاہدہ طے پایا تھا، اس وقت پاکستان 7 ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ سہولت (EFF) اور 1.4 ارب ڈالر کے ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فنڈ (RSF) کے تحت مذاکرات کے عمل میں ہے۔
ای ایف ایف پروگرام کی تیسری جائزہ رپورٹ پہلے ہی کامیاب ہو چکی ہے جبکہ آر ایس ایف کے دوسرے جائزے کے بعد پاکستان کو 21 کروڑ ڈالر اضافی ملنے کی بھی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے بقیہ اور مزید اہداف کی تکمیل کے لیے جون 2026 کی ڈیڈ لائن مقرر کر رکھی ہے، اگر آج ایگزیکٹو بورڈ نے منظوری دے دی، تو 1.2 ارب ڈالر کی رقم جلد ہی اسٹیٹ بینک کے اکاونٹ میں منتقل کر دی جائے گی، جس سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو مزید استحکام ملے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں




