World

حیدرآباد، سنی تحریک کے رہنما پر حملے کے خلاف احتجاج، پولیس پر ملزمان نہ پکڑنے کا الزام | Express News



حیدرآباد:

سنی تحریک کے مرکزی سینئر نائب صدر خالد قادری پر قاتلانہ حملے کے خلاف کارکنان سڑکوں پر نکل آئے اور ملزمان کی عدم گرفتاری پر شدید احتجاج کیا۔

رات گئے شہر کے مصروف ترین علاقے حیدر چوک پر ہونے والے احتجاج میں مظاہرین نے پولیس کے خلاف نعرے بازی کی اور فوری انصاف کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ خالد قادری پر حملے کو تین روز گزر چکے ہیں تاہم اب تک پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔

احتجاج کرنے والوں نے دعویٰ کیا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کی شناخت ہو چکی ہے اس کے باوجود پولیس کارروائی نہیں کر رہی جس سے شکوک و شبہات پیدا ہو رہے ہیں۔

سنی تحریک کے کارکنان نے خبردار کیا کہ اگر ملزمان کو فوری گرفتار نہ کیا گیا تو منگل کے روز ایس ایس پی آفس کا گھیراؤ کیا جائے گا اور احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔





Related Articles

Leave a Reply

Back to top button