Chitral Times – پرواک تا سرغوز شندور متبادل سڑک کی بحالی التوا کا شکار، ڈی سی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ

پرواک تا سرغوز شندور متبادل سڑک کی بحالی التوا کا شکار، ڈی سی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ
.
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) اپر چترال میں پرواک تا سرغوز شندور متبادل روڈ کی بحالی کا کام التوا کا شکار ہونے پر عوامی تشویش میں اضافہ ہو گیا ہے۔ چند عرصہ قبل تاریخی شندور روڈ تاؤ پل کے قریب دریا برد ہونے کے بعد حکومت نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے بحالی کے لیے فنڈز مختص کیے تھے اور باقاعدہ ٹینڈر کے ذریعے ایک ٹھیکیدار کو ورک آرڈر بھی جاری کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ ٹھیکیدار نے حفاظتی دیوار کی تعمیر کے لیے ابتدائی کھدائی تو کی، تاہم اس کے بعد کام چھوڑ کر غائب ہو گیا ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ دریائے یارخون اور دریائے لاسپور میں پانی کی سطح بڑھنا شروع ہو چکی ہے، اور اگر فوری طور پر کام دوبارہ شروع نہ کیا گیا تو کھدائی شدہ حصہ بھی بہہ جانے کا خدشہ ہے، جس سے نہ صرف سرکاری خزانے کو نقصان پہنچے گا بلکہ منصوبہ مزید تاخیر کا شکار ہو جائے گا۔
اس اہم سڑک کے متاثر ہونے سے نصر اور سرغوز کے مکینوں، خصوصاً طلبہ اور مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، کیونکہ یہی راستہ سنوغر کے سرکاری ہائی سکول، بی ایچ یو اور ایک نجی تشخیصی مرکز تک رسائی کا واحد ذریعہ ہے۔ مزید برآں، دیدار گاہ تک آمد و رفت کے لیے بھی سرغوز، نصر اور پوری لاسپور ویلی کے لیے یہ ایک اہم متبادل سڑک کی حیثیت رکھتی ہے۔
علاقہ سنوغر، نصر اور سرغوز کے عوام نے چترال ٹائمز کے ذریعے حکام بالا، بالخصوص ڈپٹی کمشنر اپر چترال سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لے کر بحالی کے کام کو دوبارہ شروع کروایا جائے، تاکہ عوام کی مشکلات کم ہو سکیں اور سرکاری وسائل کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔





