کراچی، لیاقت ااباد کی عمارت میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی، فائر ٹینڈرز آگ بجھانے میں مصروف | Express News

کراچی:
شہر قائد کے گنجان آباد علاقے لیاقت آباد نمبر 4 میں امام بارگاہ والی گلی میں واقع ایک عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق ریسکیو 1122 کے سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول کو اطلاع موصول ہوتے ہی فائر اینڈ ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر ایمبولینس اور فائر بریگیڈ ٹرک کے ہمراہ جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دی گئیں۔
ترجمان ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ ٹیمیں موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کی بھرپور کوششوں میں مصروف ہیں جبکہ قریبی عمارتوں کو بھی محفوظ بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ آگ مزید نہ پھیل سکے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق آگ لگتے ہی عمارت سے دھواں اٹھنا شروع ہوگیا جس کے باعث لوگوں میں شدید خوف و ہراس پیدا ہوگیا اور متعدد افراد گھروں سے باہر نکل آئے۔
ذرائع کے مطابق آگے لگنے والی عمارت میں ایک کارخانہ قائم تھا۔
تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم ریسکیو حکام کی جانب سے صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور آگ بجھانے کا عمل جاری ہے۔



