Chitral Times – پرنس رحیم آغاخان کی متوقع آمد؛ مستوج میں صفائی و خوبصورتی مہم جاری، بین المسالک ہم آہنگی کی عمدہ مثال

پرنس رحیم آغاخان کی متوقع آمد؛ مستوج میں صفائی و خوبصورتی مہم جاری، بین المسالک ہم آہنگی کی عمدہ مثال
مستوج (نمائندہ چترال ٹائمز) اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا ہزہانس پرنس رحیم آغاخان کی متوقع آمد کے سلسلے میں لوکل کونسل مستوج کی جانب سے سڑکوں کی مرمت (فلنگ)، دیہات کی سطح پر صفائی مہم اور پہاڑوں پر خوش آمدیدی جملے تحریر کرنے کا کام زور و شور سے جاری ہے۔
اس سلسلے میں مختلف علاقوں میں عوامی سطح پر بھرپور سرگرمیاں دیکھنے میں آ رہی ہیں، جہاں مقامی افراد بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں تاکہ علاقے کو مہمانِ خصوصی کی آمد کے لیے خوبصورت اور پُرکشش بنایا جا سکے۔
قابلِ ذکر امر یہ ہے کہ اس مہم میں اسماعیلی کمیونٹی کے ساتھ ساتھ سنی کمیونٹی کے افراد بھی بھرپور انداز میں شریک ہیں، جو باہمی محبت، اتحاد اور مذہبی ہم آہنگی کی ایک روشن مثال پیش کر رہے ہیں۔
مقامی عمائدین کا کہنا ہے کہ اس طرح کی مشترکہ سرگرمیاں علاقے میں بھائی چارے اور یگانگت کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ یہ محبت اور اتحاد ہمیشہ قائم رہے۔
میڈیا کوآرڈینیٹر احمد محمد علی، لوکل کونسل مستوج نے بھی اس موقع پر عوام کے تعاون کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ مہم کامیابی سے مکمل ہوگی اور علاقے کا مثبت تشخص اجاگر ہوگا۔
دریں اثنا ہزہائی نس کی آمد کے حوالے سے پرواک لشٹ مستوج میں زیر تعمیر دیدارگاہ میں تزوئین اوآرائش کا کام بھی اخر ی مراحل میں داخل ہے، پورے سب ڈویژن کے عوام باری باری دیدار گاہ کی تعمیر میں حصہ ڈال رہے ہیں ، جہاں پنڈال کے ساتھ بیرونی واش رومز ودیگر عمارتوں کی تعمیر بھی تقریبا اخری مراحل میں ہیں، اسی طرح لوئیر چترال میں گرم چشمہ کے مقام پر بھی دیدار گاہ کی تعمیر زورروشور سے جاری ہے ۔ اور انتظامات کو اخری شکل دی جارہی ہے۔
یادرہے کہ ہزہائی نس پرنس رحیم آغا خان کا امامت سنبھالنے کے بعد یہ چترال اور گلگت بلتستان کا پہلادورہ ہے ، جو مئی کے اخری عشرے میں متوقع ہے ، جس کیلئے کمیونٹی انتہائی بے تابی سے انتظار کررہی ہے۔





