امت شاہ نے بتایا کہ جسٹس پرکاش پربھاکر ناولیکر (ریٹائرڈ) کی سربراہی میں بنائی گئی اس کمیٹی میں مردم شماری کمشنر کے ساتھ درگا شنکر مشرا، بالاجی شریواستو اور ڈاکٹر شمیکا روی بطور اراکین شامل ہیں۔


i
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کے روز ایک اہم جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج پرکاش پربھاکر ناولیکر کی سربراہی میں آبادیاتی تبدیلیوں پر نظر رکھنے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اس کمیٹی کے ذریعہ غیر قانونی دراندازی اور دیگر غیر فطری وجوہات کی وجہ سے پورے ہندوستان میں ہونے والی آبادیاتی تبدیلیوں کا جامع جائزہ لیا جا سکے گا۔
امت شاہ نے اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے ’ایکس‘ پر لکھا ہے کہ دراندازی اور دیگر وجوہات سے غیر فطری آبادیاتی تبدیلی کسی بھی قوم کے حال اور مستقبل کے لیے ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔ اسی چیلنج سے نمٹنے کے لیے 15 اگست 2025 کو وزیر اعظم نریندر مودی نے آبادیاتی تبدیلی سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ حکومت نے اس کمیٹی کی تشکیل کر دی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ جسٹس پرکاش پربھاکر ناولیکر (ریٹائرڈ) کی سربراہی میں بنائی گئی اس کمیٹی میں مردم شماری کمشنر کے ساتھ درگا شنکر مشرا (ریٹائرڈ آئی اے ایس)، بالاجی شریواستو (ریٹائرڈ آئی پی ایس) اور ڈاکٹر شمیکا روی کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔ علاوہ ازیں وزارت داخلہ کے جوائنٹ سکریٹری اس کمیٹی کے رکن سکریٹری ہوں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ آبادیاتی تبدیلی ہماری خود مختاری کے ساتھ ساتھ قومی سلامتی، نظامِ قانون، سماجی ڈھانچے میں سنگین تبدیلی اور قبائلی سماج کے تحفظ سے متعلق ایک سنجیدہ مسئلہ ہے۔ یہ کمیٹی غیر قانونی ہجرت اور دیگر غیر معمولی وجوہات سے پورے ہندوستان میں ہونے والی آبادیاتی تبدیلیوں کا جامع جائزہ لے گی اور مذہبی و سماجی برادریوں کی سطح پر غیر معمولی آبادیاتی تبدیلیوں کے رجحانات کا تجزیہ کرے گی اور اس کا منظم اور وقت بند حل پیش کرے گی۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ سال لال قلعہ سے کہا تھا کہ ملک کے شہریوں کی فلاح کے لیے حکومت نے ایک ہائی پاورڈ ڈیموگرافی مشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا تھا کہ درانداز ملک کی بہنوں اور بیٹیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ جب سرحدی علاقوں میں آبادیاتی تبدیلی آتی ہے تو ملک کی سلامتی کو خطرہ پیدا ہوتا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ’’میں آج ملک کے سامنے ایک تشویش اور چیلنج کے بارے میں خبردار کرنا چاہتا ہوں۔ ایک سازش کے تحت، سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ملک کی آبادیاتی ساخت کو تبدیل کیا جا رہا ہے۔ ایک نئے بحران کے بیج بوئے جا رہے ہیں۔ یہ درانداز میرے ملک کے نوجوانوں کے روزگار چھین رہے ہیں۔ یہ درانداز میرے ملک کی بہنوں اور بیٹیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ یہ درانداز قبائلیوں کے گھروں میں داخل ہو کر ان کی زمینوں پر قبضہ کر رہے ہیں۔ یہ ملک اسے برداشت نہیں کرے گا۔‘‘
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

