سندھ میں خطرناک ہیٹ ویو، کئی شہروں میں پارہ 50 ڈگری تک جانے کا امکان

سندھ میں خطرناک ہیٹ ویو، کئی شہروں میں پارہ 50 ڈگری تک جانے کا امکان


سندھ ہیٹ ویو الرٹ جاری کرتے ہوئے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جس کے باعث شدید گرمی کی لہر 31 مئی تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کی بالائی فضا میں موجود ہائی پریشر سسٹم مزید مضبوط ہو رہا ہے، جس کے نتیجے میں صوبے کے بیشتر علاقے درمیانی سے شدید ہیٹ ویو کی لپیٹ میں آسکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور خواتین کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور زیادہ سے زیادہ پانی استعمال کریں تاکہ ہیٹ اسٹروک سے محفوظ رہا جا سکے۔

رپورٹ کے مطابق سکھر، لاڑکانہ اور دادو سمیت کئی اضلاع میں درجہ حرارت 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ جبکہ تھرپارکر، بدین، حیدرآباد، جامشورو اور میرپورخاص میں پارہ 44 سے 47 ڈگری کے درمیان رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے کاشتکاروں کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ شدید گرمی کے دوران فصلوں اور مویشیوں کی خصوصی دیکھ بھال کریں کیونکہ زیادہ درجہ حرارت زرعی سرگرمیوں پر بھی اثر انداز ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب کراچی میں نسبتاً کم شدت کی گرمی متوقع ہے جہاں پیر اور منگل کو درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری جبکہ بدھ کو 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں سمندری ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی کے دوران چکر آنا، سر درد، بخار اور جسمانی کمزوری جیسی علامات ظاہر ہوں تو فوری طبی امداد حاصل کی جائے۔



Leave a Reply