ملک بھر میں فضائی آپریشن ایک بار پھر شدید متاثر ہوا ہے اور پاکستان میں پروازیں منسوخ ہونے کے باعث ہزاروں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 83 ملکی اور غیر ملکی پروازیں منسوخ کی گئیں جبکہ 430 پروازیں آپریٹ کی جا سکیں۔
ذرائع کے مطابق کراچی، اسلام آباد، لاہور، ملتان، پشاور، کوئٹہ، فیصل آباد، سکھر اور گلگت ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشن متاثر ہوا۔ متعدد پروازوں کی منسوخی کے باعث مسافر کئی کئی گھنٹے ایئرپورٹس پر انتظار کرنے پر مجبور رہے۔
اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ سے 134، کراچی سے 123 جبکہ لاہور سے 100 پروازیں چلائی گئیں۔ اس کے علاوہ ملتان سے 23، سیالکوٹ سے 20، پشاور سے 16 اور کوئٹہ سے 10 پروازیں آپریٹ ہوئیں۔
ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ کچھ پروازیں انتظامی اور آپریشنل وجوہات کی بنیاد پر منسوخ کی گئیں۔ ذرائع کے مطابق جدہ آنے جانے والی 20 سے زائد پروازیں کم مسافروں کی وجہ سے منسوخ ہوئیں، جس سے عمرہ زائرین اور بیرون ملک مقیم پاکستانی متاثر ہوئے۔
ماہرین کے مطابق حالیہ دنوں میں فضائی شعبے میں سخت حفاظتی اقدامات اور آپریشنل تبدیلیوں کے باعث بھی فلائٹ شیڈول متاثر ہو رہا ہے۔ دوسری جانب پاکستان میں پروازیں منسوخ ہونے پر مسافروں نے ایئرلائنز انتظامیہ سے بہتر متبادل انتظامات کا مطالبہ کیا ہے۔
