
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اجمل بلوچ کا کہنا ہے کہ 70 سال میں اتنی مشکلات نہیں دیکھیں جتنی اب دیکھ رہے ہیں۔ آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے ملک بھر سے آئے ہوئے تاجر رہنماؤں کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مہنگائی اور ٹیکسوں کے بوجھ نے کاروبار کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے، ملک بھر کے چھوٹے بڑے بازاروں اور مارکیٹوں میں خرید و فروخت میں 70 فیصد تک کمی آچکی ہے اور دکانیں گاہکوں کو ترس رہی ہیں۔
تاجر رہنما کا کہنا ہے کہ ملک کے تقریباً 12 کروڑ شہری اپنی قوتِ خرید سے مکمل طور پر محروم ہو چکے ہیں اور وہ صرف زندہ رہنے کی جدوجہد کر رہے ہیں، یہ سنگین اعداد و شمار صرف ہم اپنی طرف سے نہیں بتا رہے، بلکہ خود بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے اپنی حالیہ رپورٹس میں پاکستان کی اس بدحالی کا اعتراف کیا ہے، پاکستان کو بنے 70 سال سے زائد کا عرصہ ہو چکا ہے، ملک پر کئی برے اور نازک وقت آئے لیکن ملکی تاریخ میں ایسی معاشی مشکلات، کاروبار کا جنازہ نکلنا اور تاجروں کا ایسا استحصال پہلے کبھی نہیں دیکھا۔
آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر نے کہا کہ بجلی کے بلوں، پٹرول کی قیمتوں اور بے تحاشا ٹیکسوں نے عام دکاندار کا جینا حرام کر دیا ہے، ٹیکسوں میں فوری ریلیف دیا جائے، تاجروں پر لگائے گئے ناقابلِ برداشت اور پیچیدہ ٹیکسوں کو فوری طور پر کم کیا جائے، کمرشل بجلی کے بلوں میں شامل بے جا ٹیکسز اور ٹیرف کو واپس لیا جائے تاکہ دکانیں کھلی رکھی جا سکیں، اگر حکومت نے تاجر برادری کو فوری ریلیف نہ دیا تو ملک بھر میں احتجاج پر مجبور ہوں گے
