
کراچی: محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ سندھ میں عید الاضحیٰ کے دوران شدید گرمی کی لہر (ہیٹ ویو) کا امکان ہے، جس کے باعث درجہ حرارت میں 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک اضافہ ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 25 مئی کو بالائی فضاؤں میں ایک ہائی پریشر سسٹم بننے کا امکان ہے جو 26 مئی تک مزید طاقتور ہو سکتا ہے۔ اس سسٹم کے تحت 25 سے 31 مئی کے دوران سندھ کے اکثر اضلاع میں درمیانی سے شدید ہیٹ ویو کی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
پیشگوئی کے مطابق سکھر، شکارپور، قمبر شہدادکوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، موہن جو دڑو، دادو، شہید بینظیر آباد، گھوٹکی، خیرپور اور نوشہرو فیروز میں درجہ حرارت 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
دیہی سندھ کے اضلاع تھرپارکر، بدین، حیدرآباد، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان، عمرکوٹ، میرپورخاص، جامشورو اور سانگھڑ میں درجہ حرارت 44 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب کراچی میں ہیٹ ویو کا براہ راست امکان نہیں، تاہم موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 اور کم سے کم 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نمی کی شرح صبح کے وقت 70 سے 80 فیصد اور شام کے وقت 55 سے 65 فیصد تک رہ سکتی ہے، جس کے باعث گرمی اصل درجہ حرارت سے زیادہ محسوس ہوگی۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، خاص طور پر صبح 10 بجے سے شام 4 بجے کے درمیان احتیاط کریں، اور پانی کا زیادہ استعمال یقینی بنائیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں
