ملک بھر کے عوام کیلئے بڑی خوشخبری سامنے آگئی۔ پاور ڈویژن نے اعلان کیا ہے کہ بجلی صارفین ریلیف کے تحت جون میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا امکان نہیں رہا اور صارفین کو اضافی فیول ایڈجسٹمنٹ سے بچا لیا گیا ہے۔
ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق بروقت اور مؤثر حکومتی اقدامات کی وجہ سے بجلی صارفین پر 5 سے 6 روپے فی یونٹ تک اضافی بوجھ منتقل نہیں ہوگا۔ بیان میں کہا گیا کہ ایل این جی کی فراہمی میں رکاوٹ اور مہنگے فرنس آئل کے استعمال کے باوجود بجلی کے نرخوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق بجلی صارفین ریلیف کے نتیجے میں عوام کو تقریباً 38 ارب روپے کے ممکنہ اضافی بوجھ سے بچایا گیا ہے۔ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کو 1.73 روپے فی یونٹ اضافے تک محدود رکھا گیا، جس سے صارفین کو بڑا ریلیف ملا۔
پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ پالیسیوں کے تسلسل، بجلی کی طلب میں بہتری اور خصوصی پیکیجز کی وجہ سے صورتحال کو بہتر انداز میں سنبھالا گیا۔ مقامی گیس کی اضافی فراہمی اور درآمدی کول پلانٹس سے بجلی پیداوار بڑھا کر لوڈ مینجمنٹ بھی کم کی گئی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں صارفین کو 65 ارب روپے واپس کیے گئے جبکہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے 1.93 روپے فی یونٹ ریلیف فراہم کیا گیا۔
حکام کے مطابق آئندہ ماہ ریفرنس ٹیرف میں اضافے کا امکان نہیں بلکہ صارفین کو تقریباً 20 پیسے فی یونٹ مزید ریلیف ملنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
