پاکستانی اداکارہ اور ماڈل صحیفہ جبار خٹک ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیر بحث آگئیں۔ حالیہ دنوں میں اپنے نئے ہیئر کٹ پر ہونے والی صحیفہ جبار تنقید کے بعد اداکارہ نے ناقدین کو کھل کر جواب دے دیا۔
صحیفہ جبار خٹک نے سوشل میڈیا پر جاری بحث پر ردعمل دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ خواتین کو ہمیشہ مختلف معیار پر کیوں پرکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مردوں سے کبھی یہ نہیں پوچھا جاتا کہ انہوں نے اپنے بال کیوں کٹوائے، لیکن خواتین کے لباس، تعلیم، شادی اور کیریئر پر مسلسل سوالات کیے جاتے ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران انہیں سب سے زیادہ تنقید خواتین کی جانب سے ہی برداشت کرنا پڑی، جبکہ معاشرے میں خواتین سے متعلق کہیں زیادہ اہم مسائل موجود ہیں جن پر توجہ دی جانی چاہیے۔
دوسری جانب صحیفہ جبار تنقید کے دوران ان کی ایک نئی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں وہ کولڈ پلنج واٹر ایکسرسائز کرتی دکھائی دیں۔ ویڈیو میں اداکارہ جم لباس میں برفیلے پانی میں ورزش سے لطف اندوز ہوتی نظر آئیں۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آیا۔ بعض افراد نے ان کے اندازِ زندگی اور فیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ کئی مداحوں نے اداکارہ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر شخص کو اپنی زندگی اپنی مرضی کے مطابق گزارنے کا حق حاصل ہے۔
واضح رہے کہ صحیفہ جبار خٹک اس سے قبل بھی اپنے بیانات اور سوشل میڈیا پوسٹس کے باعث خبروں کی زینت بن چکی ہیں۔
