تجارتی اوقات پابندی ختم، سندھ سمیت تین صوبوں میں بڑی رعایت

تجارتی اوقات پابندی ختم، سندھ سمیت تین صوبوں میں بڑی رعایت


عیدالاضحیٰ سے قبل عوام اور تاجروں کیلئے بڑی خوشخبری سامنے آگئی، کیونکہ سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان حکومتوں نے تجارتی اوقات پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ فیصلے کے بعد مارکیٹیں، شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس اور دیگر کاروباری مراکز معمول کے مطابق کھلے رہ سکیں گے۔

سندھ حکومت کی جانب سے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اعلان کیا کہ صوبے بھر میں دکانوں، مارکیٹوں، شادی ہالز، ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس پر رات 8 بجے بندش کی پابندی ختم کر دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پابندیاں توانائی بچت پالیسی کے تحت نافذ کی گئی تھیں، تاہم تاجروں اور صنعتکاروں کی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ واپس لیا گیا۔

خیبرپختونخوا میں بھی گورنر فیصل کریم کنڈی اور وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے درمیان رابطے کے بعد کاروباری سرگرمیوں پر عائد پابندیاں نرم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ بعد ازاں چیف سیکریٹری کی جانب سے تمام ڈپٹی کمشنرز کو لاک ڈاؤن ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

ادھر بلوچستان حکومت نے بھی عیدالاضحیٰ سے قبل تجارتی اوقات پابندی ختم کرتے ہوئے یکم جون تک کاروباری مراکز کو معمول کے مطابق کھلا رکھنے کی اجازت دے دی ہے۔ محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق مارکیٹوں، شاپنگ مالز، ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کو رات 8 بجے بند کرنے کی شرط سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ پابندیاں 7 اپریل کو توانائی بچت پالیسی کے تحت نافذ کی گئی تھیں۔ حکام نے شہریوں اور تاجروں سے اپیل کی ہے کہ بجلی کے غیر ضروری استعمال اور اضافی روشنیوں سے گریز کیا جائے تاکہ توانائی کی بچت یقینی بنائی جا سکے۔



Leave a Reply