سرکاری نرخ بے اثر، مرغی اور انڈے مہنگے داموں فروخت

سرکاری نرخ بے اثر، مرغی اور انڈے مہنگے داموں فروخت


ملک بھر میں چکن قیمتوں میں اضافہ نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے، جہاں سرکاری نرخ مقرر ہونے کے باوجود مرغی اور انڈے مہنگے داموں فروخت کیے جا رہے ہیں۔

حکومتی نرخ نامے کے مطابق برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت 490 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم مختلف شہروں کی مارکیٹوں میں یہی گوشت 510 سے 520 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری قیمتیں صرف کاغذوں تک محدود رہ گئی ہیں جبکہ عملی طور پر دکاندار من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں۔

اسی طرح فارمی انڈوں کی سرکاری قیمت 230 روپے فی درجن مقرر ہے، لیکن مارکیٹ میں انڈے 240 سے 245 روپے فی درجن فروخت کیے جا رہے ہیں، جس سے متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کا گھریلو بجٹ مزید متاثر ہو رہا ہے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ ادارے چکن قیمتوں میں اضافہ کا فوری نوٹس لیں اور سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ عوام کو کچھ ریلیف مل سکے۔

ماہرین کے مطابق مرغی اور انڈے عام آدمی کیلئے پروٹین کا سب سے سستا ذریعہ سمجھے جاتے ہیں، لیکن مسلسل بڑھتی قیمتوں نے یہ بنیادی اشیاء بھی عوام کی پہنچ سے دور کرنا شروع کر دی ہیں۔

دوسری جانب عوام نے حکومت سے موثر پرائس کنٹرول نظام نافذ کرنے اور ذخیرہ اندوزی و منافع خوری کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔



Leave a Reply