سعودی حکومت نے حج 2026 ہدایات جاری کرتے ہوئے عازمین حج کیلئے اہم احتیاطی تدابیر اور سفری رہنمائی فراہم کر دی ہے تاکہ حجاج کرام کو محفوظ، منظم اور پرسکون ماحول میسر آ سکے۔
سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری خصوصی گائیڈ میں مسجد الحرام کے داخلی اور خارجی راستوں، طوافِ کعبہ، سعی کے مخصوص ٹریکس اور مختلف مقامات کی تفصیلات شامل کی گئی ہیں تاکہ عازمین کو دورانِ حج کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
حکام کے مطابق رش کے اوقات میں ماسک کے استعمال کو یقینی بنانے اور حفاظتی اصولوں پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ نظم و ضبط برقرار رکھنے سے حجاج کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔
حج 2026 ہدایات میں وہیل چیئر اور الیکٹرک وہیل چیئر استعمال کرنے والے افراد کیلئے علیحدہ راستے مختص کیے گئے ہیں۔ سعودی حکام نے واضح کیا ہے کہ سعی کا راستہ صرف سعی کرنے والوں کیلئے مخصوص ہوگا، اس لیے وہاں بیٹھنے یا راستہ روکنے سے گریز کیا جائے۔
وزارت داخلہ نے عازمین کو خبردار کیا ہے کہ بغیر اجازت نامے کے مکہ مکرمہ یا مقدس مقامات میں داخل ہونا قانون کی خلاف ورزی تصور ہوگا۔ حکام کے مطابق خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور متعلقہ قوانین کے تحت سزا بھی دی جا سکتی ہے۔
سعودی حکومت کا کہنا ہے کہ حج انتظامات کو مؤثر بنانے کیلئے تمام ادارے متحرک ہیں جبکہ عازمین حج سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سرکاری ہدایات پر مکمل عمل کریں اور کسی بھی خلاف ورزی سے گریز کریں۔
