انمول پنکی کا عدالت کے باہر تہلکہ خیز بیان

انمول پنکی کا عدالت کے باہر تہلکہ خیز بیان


کراچی میں منشیات کیس میں گرفتار ملزمہ انمول پنکی نے عدالت سے باہر آتے ہی میڈیا سے گفتگو کے دوران دھماکا خیز بیان دے دیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

عدالت سے روانگی کے دوران ایک صحافی نے انمول پنکی سے سوال کیا کہ وہ میڈیا کو کیا پیغام دینا چاہتی ہیں، جس پر ملزمہ نے جواب دیا، “ہم تو ڈوبے ہیں صنم، ان سب کو بھی ساتھ لے کر ڈوبیں گے۔” ان کے اس بیان نے سوشل میڈیا اور مختلف حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

اس سے قبل عدالت میں پیشی کے دوران انمول پنکی نے شور شرابا کرتے ہوئے الزام لگایا کہ انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ملزمہ نے عدالت کو بتایا کہ انہیں 22 روز قبل لاہور سے گرفتار کیا گیا اور کئی دن تک حراست میں رکھا گیا۔

ملزمہ نے دعویٰ کیا کہ ان کے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کیے گئے ہیں اور ان کا سابق شوہر اس تمام معاملے کے پیچھے ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ سابق شوہر ایسا کیوں کرے گا، جس پر انمول پنکی نے کہا کہ علیحدگی کے بعد انہیں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

عدالت کے باہر واپسی کے دوران لیڈی پولیس اہلکار بار بار ملزمہ کا چہرہ ڈھانپنے کی کوشش کرتی رہیں جبکہ وہ مسلسل میڈیا سے بات کرنے کی کوشش کرتی رہیں۔ پولیس کسٹڈی میں لے جاتے وقت بھی ملزمہ کی پولیس اہلکاروں سے تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔

واضح رہے کہ کراچی پولیس اس سے قبل انمول پنکی کے مبینہ منشیات نیٹ ورک سے متعلق کئی اہم انکشافات کر چکی ہے اور تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔



Leave a Reply