عیدالاضحیٰ پر ملک گیر گو کیش لیس مہم شروع کرنے کا اعلان

عیدالاضحیٰ پر ملک گیر گو کیش لیس مہم شروع کرنے کا اعلان


اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملک بھر میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دینے کیلئے خصوصی اقدام کرتے ہوئے گو کیش لیس مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

مرکزی بینک کے مطابق اس مہم کا مقصد مویشی منڈیوں میں نقد رقم کے بجائے ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز کو فروغ دینا اور شہریوں کو محفوظ مالی سہولتیں فراہم کرنا ہے۔ اس سلسلے میں 22 بینک ملک بھر کی مویشی منڈیوں میں خصوصی کیمپس اور کیوسک قائم کریں گے۔

اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ اس سال مہم کو مزید وسعت دیتے ہوئے 54 سے بڑھا کر 96 مویشی منڈیوں تک توسیع دی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

گو کیش لیس مہم کے دوران 14 مئی سے 5 جون تک صارفین کیلئے ڈیجیٹل لین دین پر خصوصی سہولتیں اور عارضی نرمی بھی فراہم کی جائے گی۔ اس دوران ٹرانزیکشن اور اکاؤنٹ بیلنس کی حدود میں بھی رعایت دی گئی ہے۔

مرکزی بینک کے مطابق مویشی منڈیوں کے اطراف موبائل بینکنگ وینز، اے ٹی ایمز اور کیش ڈپازٹ مشینیں بھی نصب کی جائیں گی تاکہ شہریوں کو آسانی سے مالی خدمات فراہم کی جا سکیں۔

اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ سے نہ صرف شفافیت میں اضافہ ہوگا بلکہ نقد رقم ساتھ رکھنے سے جڑے خطرات بھی کم ہوں گے۔



Leave a Reply