چترال لوئر میں پری شندور پولو ٹورنامنٹ کا رنگا رنگ آغاز، بہترین کارکردگی دکھانے والی ٹاپ فور ٹیموں کے نمایاں کھلاڑیوں کو عالمی شہرت یافتہ شندور پولوفیسٹیول کیلئے منتخب کیا جائیگا
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) پری شندور پولو ٹورنامنٹ کا لوئر چترال میں رنگا رنگ آغاز ہوگیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم، کمانڈنٹ سی ٹی ایف کرنل ارسلان اور ڈی پی او لوئر چترال رفعت اللہ خان نے خصوصی شرکت کی اور بال پھینک کرباقاعدہ طور پر ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔
ٹورنامنٹ میں لوئر اور اپر چترال سے کل63 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جبکہ بڑی تعداد میں ملکی و غیر ملکی سیاح بھی اس روایتی اور دلچسپ کھیل سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔افتتاحی میچ میں کھلاڑیوں کے شاندار کھیل نے شائقین سے خوب داد وصول کی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانان نے ایونٹ کو کامیاب بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے ثقافتی و کھیلوں کے پروگرام نہ صرف علاقے کے مثبت تشخص کو اجاگر کرتے ہیں بلکہ سیاحت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چترال کا روایتی کھیل پولو علاقے کی ثقافت، بھائی چارے اور روایات کا آئینہ دار ہے۔
انتظامیہ کے مطابق ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے والی ٹاپ چار ٹیموں کے نمایاں کھلاڑیوں کو عالمی شہرت یافتہ شندو ر پولوفیسٹیول کیلئے منتخب کیا جائے گا۔ چترالی پولو کی مقبولیت اور اس کی منفرد شناخت کو برقرار رکھنے کے لیے روایتی طریقوں پر زور دیا جاتا ہے، تاکہ یہ قدیم ثقافتی ورثہ زندہ رہے۔
پری شندور پولو ٹورنامنٹ 2026 چترال کی ثقافتی روایات، کھیلوں کے جذبے اور عوامی دلچسپی کی خوبصورت عکاسی کر رہا ہے، جس سے علاقے میں سیاحتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملنے کی توقع ہے۔


