قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی(Shahid afridi) نے حکومت پاکستان کی جانب سے ملنے والے تمغہ امتیاز کو وطن کے شہداء کے نام کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں شاہد آفریدی نے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے یہ اعزاز حاصل ہونا ان کے لیے باعث فخر ہے، تاہم ان کے مطابق یہ صرف ان کی ذاتی کامیابی نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم کی محبت، دعاؤں اور حمایت کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ یہ اعزاز ان شہداء کے نام کرتے ہیں جنہوں نے ملک کی حفاظت اور سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
واضح رہے کہ ایوان صدر پاکستان میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی شخصیات کو قومی اعزازات سے نوازا۔
صدرِ پاکستان کی جانب سے ملنے والا تمغۂ امتیاز میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔
یہ صرف شاہد آفریدی کا نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم کا اعزاز ہے ❤️🇵🇰آپ لوگوں کی محبت، دعاؤں اور سپورٹ نے ہی مجھے یہاں تک پہنچایا۔
یہ ایوارڈ اُن شہداء کے نام بھی ہے جنہوں نے وطن کیلئے اپنی جانوں کی قربانی دی۔… pic.twitter.com/5f2mezG3s3— Shahid Afridi (@SAfridiOfficial) May 13, 2026
تقریب میں کھیلوں کے شعبے میں خدمات کے اعتراف کے طور پر شاہد آفریدی کو ہلالِ امتیاز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر کوہ پیمائی کے شعبے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے شہروز کاشف کو بھی ہلالِ امتیاز دیا گیا، جبکہ ان کی جانب سے یہ اعزاز ان کی والدہ نے وصول کیا۔
اسی تقریب میں خودکش حملہ آور کو روک کر جان قربان کرنے والے لیاقت علی کو ستارہ شجاعت سے نوازا گیا، جسے ان کی والدہ نے ایوان صدر میں وصول کیا۔
تقریب کے شرکاء نے ملک کے لیے خدمات انجام دینے والی شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے کردار کو قابلِ فخر قرار دیا۔
