پاک بحریہ کا بحیرۂ عرب میں ریسکیو آپریشن، بھارتی اور انڈونیشین عملے کو ہنگامی امداد فراہم – Daily Qudrat


کراچی(قدرت روزنامہ)پاک بحریہ کا بحیرۂ عرب میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران پاک بحریہ کے اہلکار ’’ایم وی گوتم‘‘ پر موجود 6 بھارتی اور 1 انڈونیشیائی عملے کو ہنگامی امداد فراہم کر رہے ہیں،
اِسی طرح عمان سے بھارت جانے والے’’ ایم وی گوتم ‘‘میں تکنیکی خرابی پر میری ٹائم ریسکیو اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر ممبئی نے پاکستانی حکام سے رابطہ کیا۔
ہنگامی اطلاع موصول ہوتے ہی پاک بحریہ نے پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہاز ’’ کشمیر‘‘ کو امدادی کارروائی کے لیے روانہ کیا۔
علاوہ ازیں سیکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ جہاز پر موجود بھارتی اور انڈونیشیائی عملے کو خوراک، طبی امداد اور تکنیکی معاونت فراہم کی جا رہی ہے، پاک بحریہ سمندر میں کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مؤثر مدد کے لیے ہمہ وقت تیار اور پرعزم ہے۔




