
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)عیدالاضحیٰ قریب آتے ہی ملک بھر کی مویشی منڈیوں میں خریداروں اور بیوپاریوں کی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں مویشی منڈی قیمتیں نمایاں حد تک کم ہوسکتی ہیں۔
کراچی، لاہور، اسلام آباد اور ملتان سمیت بڑے شہروں کی مویشی منڈیوں میں ابتدائی دنوں میں قربانی کے جانوروں کی قیمتیں غیر معمولی حد تک بڑھ گئی تھیں۔ بیوپاریوں کے مطابق چارے، ٹرانسپورٹ، پانی اور منڈیوں میں جگہ کے اخراجات میں اضافے نے جانور مہنگے کرنے پر مجبور کیا۔
دوسری جانب شہریوں کی بڑی تعداد موجودہ مہنگائی کے باعث جانور خریدنے سے گریزاں دکھائی دے رہی ہے۔ منڈیوں میں رش تو موجود ہے لیکن خریداری کا تناسب کم ہے، جس کے باعث بیوپاریوں پر دباؤ بڑھنے لگا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق عید سے آخری دو دن پہلے بیوپاری جانور فروخت کرنے کیلئے قیمتوں میں واضح کمی کرسکتے ہیں کیونکہ عید گزرنے کے بعد جانوروں کی قیمتیں بہت کم ہوجاتی ہیں۔ ایسے میں بیوپاری نقصان سے بچنے کیلئے کم منافع پر جانور فروخت کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سال آن لائن قربانی اور اجتماعی قربانی کے رجحان میں بھی اضافہ ہوا ہے، جس سے روایتی منڈیوں میں خریداروں کی تعداد کم ہوئی ہے۔ فلاحی ادارے اور مختلف ایپس پہلے ہی فارم مالکان سے براہِ راست جانور خرید رہے ہیں۔
اسی طرح حکومت کی جانب سے غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف کارروائی اور صرف سرکاری منڈیوں کی اجازت سے بھی مصنوعی مہنگائی میں کمی آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
